ریاض،6مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے ایک شہری سالم العنزی امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک صاحبزادی سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے اپنی نومولود بیٹی کا نام ایوانکا رکھا دیا ہے۔سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی سعودی ایوانکا کی جنم پرچی کے مطابق اس کی ولادت عرعر شہر کے ایک ویمن ہسپتال میں جمعہ کے روز ہوئی۔مشہور افراد کے ناموں سے ملتے جلتے نام رکھنے کا رواج سعودی عرب میں عام ہے۔سعودی ایوانکا نے بتایا کہ وہ اپنے چند دوستوں کے ساتھ امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات پر تبادلہ خیال کر رہے تھے کہ ان میں ٹرمپ کے دور میں مزید بہتری آنے کا امکان ہے اور ابتدا سے ہی ان میں صدر اوباما کے دور سے زیادہ بہتری نظر آ رہی ہے، جس کے بعد نومولود کے والد نے اپنی بیٹی کا نام صدر ٹرمپ کی صاحبزادی کے نام پر رکھنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ میرے اس اقدام پر سوشل میڈیا نے انتہائی منفی ردعمل ظاہر کیا اور مجھے کافی لوگوں نے برا بھلا کہا۔ میں نے ایسے افراد کو معاف کر دیا ہے اور میں ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔انہوں نے بتایا کہ جب میں اپنی بیٹی کے لئے ایوانکا نام رجسٹر کرانے گیا تو محکمہ کے انفارمیشن ڈیسک پر موجود اہلکار نے نام پر حیرت کا اظہار کیا اور پھر رجسٹر دیکھ کر بتانے لگا کہ یہ نام رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ میرے استفسار پر اہلکار نے میرا کیس محکمہ کے سربراہ کو ریفر کر دیا جس پر مجھے بتایا گیا کہ مجوزہ نام رکھنے سے متعلق وزارت داخلہ کی رائے معلوم کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پر میں نے ہنگامی طور پر بیٹی کا نام ’’لمی‘‘ رکھ لیا۔ نومولود کے والد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہمارے معاشرے کے نوجوانوں اور بزرگوں کو ہدایت دے کیونکہ چند نے مجھے لبرل اور کفر جیسے فتووں سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لمیس جیسے ترکی نام رکھتے وقت یہ لوگ کہاں تھے۔ میں تو اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان رکھنے والا راسخ العقیدہ مسلمان ہوں۔